دالبندین، مسلح افراد کی مال بردار بس پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق، تین افراد زخمی، دکی میں کانکن جاں بحق

مسلح افراد کی فائرنگ

ماخذ: این این آئی

دالبندین، کوئٹہ (این این آئی) دالبندین کے قریب ڈھاڈر کے مقام پر مسلح افراد کی مال بردار بس پر فائرنگ، واقعے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت عبد الوحید کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد میں عبیداللہ سکنہ نوشکی، فائق سکنہ کوئٹہ اور محسن سکنہ کوئٹہ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد جاں بحق ڈرائیور کی لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔ مزید کارروائی جاری ہے۔ دریں اثناءدکی میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع دکی کے علاقے میں مقامی کوئلہ کان میں کام کے دوران زہر یلی گیس بھر گئی جس کے باعث دم گھٹنے سے کریم خان نامی کانکن جاں بحق ہوگیا ۔ مائنز عملے نے لاش کو کان سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ۔