اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے 100 سے زائد علماءاور مہتممین مدارس کا مولانا فضل الرحمن کی سیاست سے لاتعلقی کا اعلان، طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کا عزم۔ کوئٹہ پریس کلب میں علماءکرام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ علماءنے دینی مدارس کو سیاسی جماعتوں کے اثر و رسوخ سے آزاد رکھنے، ان کی خودمختاری اور غیر سیاسی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ پریس کانفرنس میں جاری اعلامیے کے مطابق علماءکا کہنا تھا کہ دینی مدارس کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دینی تربیت اور اخلاقی اقدار کا فروغ ہے۔ مدارس کو کسی سیاسی جماعت یا گروہ کے مفادات کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ دینی مدارس کو سیاسی جماعتوں کی ذیلی تنظیموں کے طور پر پیش کرنا یا انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا درست نہیں۔ مدارس کی اپنی مستقل دینی، تعلیمی اور انتظامی حیثیت ہے، جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔ علماءنے واضح کیا کہ مدارس کے طلبہ کو سیاسی احتجاج، جلسوں، جلوسوں، انتخابی مہمات اور سیاسی تصادم میں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ طلبہ کی اصل ذمہ داری تعلیم حاصل کرنا اور اپنے علمی و دینی مستقبل کو بہتر بنانا ہے۔ اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دینی مدارس کے معاملات میں یکطرفہ فیصلوں کے بجائے متعلقہ علمائ، مدارس کی قیادت اور تعلیمی وفاقوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ مدارس کی رجسٹریشن، نصاب اور انتظامی معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔ علماءنے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو تعلیمی اسناد کی منظوری، اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرے۔ پریس کانفرنس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دینی مدارس کی آزادی، مذہبی تشخص اور انتظامی خودمختاری کا تحفظ ضروری ہے اور ان کے معاملات کو سیاسی کشمکش کا حصہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ علماءنے اپنے موقف میں اس بات پر بھی زور دیا کہ مدارس کو کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ منسلک کرنے کے بجائے ان کی آزادانہ دینی و تعلیمی حیثیت تسلیم کی جائے۔ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن سے لاتعلقی کے اعلان کو بھی اسی موقف کا حصہ قرار دیا گیا۔
