نئے صوبوں پر اتفاق رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی، سیاسی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہوگا، خواجہ آصف

خواجہ آصف

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں پر اتفاق رائے پیدا کیا جارہا ہے، نئے صوبوں پر اتفاق رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے کے بعد سیاسی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہوگا، نئے انتظامی یونٹس سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں، نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بننا پاکستان کے لیے خوشگوار چیز ہوگی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانیے وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں، نئے صوبوں پر بات کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نہیں کہا، نئے انتظامی یونٹس یا صوبے کیسے بنیں گے، مجھے طریقہ کار نہیں معلوم۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے سال میں نیا سسٹم آسکتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے امید ہے کوئی حل نکل آئے گا، ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں بدل جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی راضی ہوجائیں تو ان کے لیے سیاسی مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، ملاقاتوں میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، سیاست ممکنات کا نام ہے۔ آصف زرداری، نواز شریف اور دیگر رہنما اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں۔