اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے نوشکی میں وژن پبلک اسکول کو مسلح افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیاں ملنے اور تعلیمی سرگرمیاں بند ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پہلے ہی تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے،، ایسے حالات میں تعلیمی اداروں کو دھمکیاں دینا تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ صوبائی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلسل دھمکیوں کے باعث وژن پبلک اسکول نوشکی میں درس و تدریس کا عمل مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، جس سے سینکڑوں بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کے ساتھ ان کا مستقبل بھی داﺅ پر لگ گیا ہے، جبکہ طلبہ کے والدین شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک تعلیمی ادارے کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے معصوم بچوں کو تعلیم سے محروم کرنا نہایت افسوسناک اور قابل تشویش امر ہے۔ یہ صورتحال حکومت بلوچستان اور تمام سیاسی و سماجی حلقوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کی ترقی، شعور اور روشن مستقبل کی بنیاد ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں دھمکیوں کے باعث بندش کا شکار ہونا صرف ایک ادارے کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ صوبائی ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی تعلیم دشمن ہر عمل کی بھرپور مخالفت کرے گی، چاہے اس میں مسلح عناصر ملوث ہوں یا حکومت کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا جائے۔ نیشنل پارٹی چاہتی ہے کہ بلوچستان کے بچوں اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتابیں ہوں اور ان کے ذہن خوف کے بجائے علم، امید اور روشن مستقبل کے خوابوں سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، سیکرٹری تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر دھمکیاں دینے والے نامعلوم مسلح عناصر کی نشاندہی کی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ وژن پبلک اسکول نوشکی کی سیکورٹی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور بچوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور تعلیمی سرگرمیاں جلد از جلد بحال کی جائیں تاکہ بچوں کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع نہ ہو۔
