کوئٹہ (بلوچستان نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے لوکل کونسلز کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں شائع کر دی گئی ہیں۔ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ و کنوینر حلقہ بندی کمیٹی نے یہ فہرستیں جاری کر دی ہیں، جن پر عوام الناس اپنے اعتراضات 15 اپریل سے 29 اپریل 2026 تک متعلقہ حلقہ بندی اتھارٹی (ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ ڈویژن) کے دفتر میں دائر کر سکتے ہیں۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ موصول ہونے والے اعتراضات پر حلقہ بندی اتھارٹی 14 مئی 2026 تک فیصلے کرے گی، جس کے بعد تمام مراحل مکمل کر کے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں 21 مئی 2026 کو شائع کر دی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کی مجوزہ فہرستوں کا معائنہ کر لیں اور کسی بھی قسم کے اعتراض کی صورت میں مقررہ وقت کے اندر متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔
کوئٹہ کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری، اعتراضات 29 اپریل تک جمع کرائے جاسکتے ہیں
