اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیٹرول 15 روپے لیٹر مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بوجھ آئل ریفائنریز پر منتقل کردیا گیا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے، آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی، ریفائنریز نے منافع بھی بہت کمایا ہے، اس بار ان کے تعاون پر شکر گزار ہیں، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹرسستا فراہم کرنے کے قابل ہوئے، ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال سے زیادہ تھا۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کروڑوں افراد پیٹرول ریلیف سے مستفید ہورہے ہیں، ریفائنریز کے ساتھ مل کر ڈیزل کے لیے کروڈ بیسڈ فارمولا طے کیا تھا، جمعہ کو پیٹرول کی قیمتوں میں آنے والا 15 روپے اضافہ روکا گیا، ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا، ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت میں 15 ارب روپے کا لوڈ خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
