قلعہ سیف اللہ، نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر دستی بم سے حملہ، پشتونخوامیپ کی شدید مذمت

نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ (این این آئی) قلعہ سیف اللہ میں جنکشن چوک کے قریب نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر ہینڈ گرنیڈ حملہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق پیر کی شب قلعہ سیف اللہ جنکشن چوک کے قریب نوابزادہ سکندر خان جوگیزئی پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا گیا جس میں وہ معمولی زخمی ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ غفار مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ کے ضلع ایگزیکٹیورکن نوابزادہ سکندر جوگیزئی پر دستی بم حملے اور ان کے زخمی ہونے کے دہشت گردانہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے پرتشدد واقعات نہ صرف امن و امان کی صورتحال کے لیے تشویش کا باعث ہیں بلکہ سیاسی و جمہوری سرگرمیوں کو متاثر کرنے اور جمہوری جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش بھی ہیں۔پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ بم دھماکوں، حملوں اور خوف و ہراس پھیلانے جیسے بزدلانہ اقدامات کے ذریعے سیاسی و جمہوری کارکنوں کو اپنی قومی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔ ہماری جدوجہد آئینی، سیاسی، جمہوری اور قومی حقوق کے حصول کے لیے ہے اور ایسے منفی ہتھکنڈے ہمارے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے۔بیان میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، واقعہ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے نہ کیے گئے تو پارٹی اس کے خلاف بھرپور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرے گی۔بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ خوف، دھمکیوں اور تشدد کے ذریعے ہماری سیاسی و جمہوری آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ پارٹی اپنے قومی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے پُرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گی اور کسی بھی صورت اپنے اصولی م¶قف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔