تہران میں پاکستانی سفیر پر مبینہ حملے کی رپورٹس بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، سفارتخانے کی وضاحت

تہران میں پاکستانی سفیر پر مبینہ حملے کی رپورٹس

ماخذ: آئی این پی

تہران (آئی این پی) ایران میں پاکستان کے سفارتخانے نے پاکستان کے ایران میں سفیر عمران احمد صدیقی پر مبینہ حملے کے بارے میں گردش کرنےوالی بعض خبروں کا نوٹس لیا ہے۔ سفارتخانے نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ رپورٹس بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر حلقوں میں ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی سے متعلق بعض رپورٹس کا نوٹس لیا گیا ہے۔ سفارتخانے نے زور دے کر کہا کہ شائع کی گئی یہ رپورٹس مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور ان میں کسی قسم کی سچائی یا اعتبار موجود نہیں ہے۔ واضح رہے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے متعدد اکاﺅنٹس پر ایک دھندلی ویڈیو شیئر کی جا رہی تھی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ تہران میں پاکستان کے سفیر پر حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستانی سفارتخانے نے ان دعوﺅں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غلط اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔