ماخذ: یو این اے
کوئٹہ، بارکھان (این این آئی، یو این اے) دکی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جمعرات کو دکی کی مقامی کوئلہ کان میں کام کے دوران اچانک مٹی کا تودہ گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک کانکن اسماعیل جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے نعش ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی ۔ دریں اثناءبارکھان میں گھریلو ناراضگی کے باعث ایک نوجوان نے مبینہ طور پر خود کو پستول کا فائر مار کر خودکشی کی کوشش کی ہے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق بارکھان کے رہائشی انور جان ولد حسن خان نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع اور ناراضگی سے دل برداشتہ ہو کر خود پر فائر چلا لیا، جس سے وہ لہولہان ہو گئے۔ واقعے کے فورا بعد زخمی نوجوان کو ہسپتال بارکھان منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم زخموں کی نوعیت انتہائی تشویشناک ہونے کے پیشِ نظر اسے ایمرجنسی بنیادوں پر مزید علاج کے لیے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)ریفر کر دیا گیا۔واقع کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
