اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون رنر فنش لائن کے قریب گر کر ہلاک ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریچل نامی 24 سالہ خاتون خیراتی رقم جمع کرنے کے لیے پہلی بار نیویارک سٹی میراتھن دوڑ رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ریچل نے 26.2 میل کی دوڑ میں حصہ لیا تھا، وہ اختتامی لائن کے صرف 2 میل کی دوری پر تھی کہ اچانک گرگئی۔ ریچل کے والد کا کہنا تھا کہ یہ ریچل کی پہلی میراتھن تھی وہ رابڈو مائلیسس (rhabdomyolysis) نامی ایک غیر معمولی حالت کا شکار ہوگئی تھی جس میں جسم کے پٹھے (Muscles) ٹوٹ جاتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کئی گھنٹوں تک اسے بچانے کی ناکام کوشش کی۔ ریچل نے اپنے دادا کے اعزاز میں پارکنسنز کی بیماری پر تحقیق کے لیے فنڈ جمع کرنے کی خاطر دوڑ میں حصہ لیا تھا۔
