تمپ میں ڈی ایچ او سے گاڑی چھین لی گئی، ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر مسلح افراد کی ناکہ بندی

تمپ میں ڈی ایچ او سے گاڑی چھین لی گئی، ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پر مسلح افراد کی ناکہ بندی

ماخذ: یو این اے

تمپ، ژوب (یو این اے) ضلع تمپ میں نامعلوم مسلح افراد سول اسپتال کے کوارٹر میں داخل ہو کر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او)ڈاکٹر نوروز یعقوب کی سرکاری و ذاتی گاڑی بندوق کے زور پر چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے کوارٹر پر دھاوا بولا اور اسلحے کے زور پر ڈاکٹر نوروز یعقوب کی گاڑی اپنے قبضے میں لی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ حکام نے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم اس واردات سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ علاوہ ازیں ژوب اور ڈی آئی خان روڈ پر حسوبند کے مقام (شیرانی) پر گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ لگا کر گاڑیوں کی کڑی چیکنگ کی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے رات 8 بجے سے 10 بجے تک شاہراہ پر آنے جانے والی گاڑیوں کو روکا اور اس دوران مسافروں کے شناختی کارڈز بھی چیک کیے جاتے رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں، جن کی آمد کی خبر ملتے ہی، مسلح افراد مرکزی شاہراہ سے قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز کے پہنچنے کے بعد شاہراہ کو مکمل طور پر کلیئر کرا کے ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔