وفاقی وزیر داخلہ کا پشاور کا دورہ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار، ایمرجنسی کے نفاذ کا امکان

وفاقی وزیر داخلہ کا پشاور کا دورہ

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

پشاور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر ہاﺅس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی کی گورنر ہاﺅس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر غور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں گورنر اور وفاقی وزیرداخلہ کی صوبے کی سیاسی و سیکورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ گورنر و وزیر داخلہ نے صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اتفاق ہوا کہ صدر اور وزیراعظم گورنر راج یا ایمرجنسی ضروری سمجھیں تو گورنر ہاﺅس آئینی کردار ادا کرےگا۔ اعلامیے میں کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر اور وسائل کا استعمال عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوگی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا نے وفاقی وزیرداخلہ کو صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں غیر یقینی صورتحال پر پولیس الرٹ ہے، مختلف اضلاع سے پولیس اہلکار پولیس لائنز طلب کرلیے گئے ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔