کوئٹہ (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں قلعہ عبداللہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر کے عقب میں اے این پی کے فعال رکن اور صوبائی کونسل کے رکن حاجی ابراھیم کے کزن ہارون خان اچکزئی کی ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر باالخصوص کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن میں مسلسل امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے، تواتر کے ساتھ نہتے اور بے گناہ شہریوں، سیاسی کارکنوں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جا رہا ہے جس کے باعث پرامن اور شریف النفس شہری عدم تحفظ خوف اور اذیت ناک حالات سے دوچار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا حکومت اور متعلقہ ریاستی ادارے سماج دشمن عناصر مسلح جتھوں، ڈاکوﺅں رہزنوں کے خلاف بلاامتیاز موثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی سرکوبی کریں۔ اے این پی کے صوبائی بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی عوامی نیشنل پارٹی کے تحصیل قلعہ عبداللہ کے سیکرٹری اطلاعات دولت خان اچکزئی کو ٹارگٹ کیا گیا جبکہ کوئٹہ چمن شاہراہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلح عناصر کی موجودگی اور شہریوں کے لیے پیدا ہونے والے خطرات مسلسل تشویش کا باعث بن رہے ہیں ایسے حالات میں ریاستی مشینری اور انتظامیہ کی خاموشی اور بے بسی سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ رہا ہے جو لمحہ فکر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امن و امان کی گمبھیر صورتحال، جرائم پیشہ اور مسلح عناصر کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں پارٹی رکن ہارون خان اچکزئی کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجاتِ کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
ہارون خان اچکزئی کی ٹارگٹ کلنگ بدامنی کی واضح مثال ہے، حکومت مسلح جتھوں کی سرکوبی کرے، اے این پی
