کوہاٹ، نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں شہداءکی تعداد 21، متعدد زخمی، 6 دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ خودکش دھماکے

پشاور (ویب ڈیسک) کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید، 78 کے قریب زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، دھماکے کے باعث مسجدکے باہر گڑھا پڑ گیا، دھماکے سے مسجدکا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا اور دیواربھی گرگئی۔ ڈی ایچ او کوہاٹ ڈاکٹر ناصر حسین کے مطابق دھماکے میں 16 پولیس اہلکاروں اور 5 عام شہریوں سمیت 21 افراد شہید جبکہ 78 زخمی ہوئے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ ٹکرائی، گاڑی ٹکرانے کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی، فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت پر ایک اورخودکش دھماکا ہوا۔ سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق 7 مسلح دہشتگرد پولیس لائنز میں داخل ہوئے، پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اب تک 6 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں خود کش بمبار اور اسنائپر شامل ہیں۔