کراچی (ویب ڈیسک) سرجانی ٹاﺅن میں خاتون اور اس کے 3 بچوں کا قاتل پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق سرجانی ٹاﺅن میں ماں اور3 بچوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ ایک پولیس افسر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ملزم کو آلہ قتل (سریا) کی نشاندھی و برآمدگی کے لیے پولیس حراست میں موقع پر لیکر گئے تھے۔ پولیس افسر و اہلکار آلہ قتل (سریا) ڈھونڈنے میں مصروف تھے تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکار کا پستول نکال لیا۔ ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم نے فرار کی کوشش کے دوران چھینے گئے، پستول سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ تاہم ساتھی پولیس افسر کی حفاظت خود اختیاری میں کی گئی جوابی فائرنگ سے ملزم محمد ہمایوں خان ولد حسن خان موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ہلاک ملزم سے پولیس اہلکار کا چھینا گیا پستول قبضہ پولیس میں لے لیا گیا، جبکہ ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل (سریا) بھی برآمد کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ملزم ہمایوں مقتولہ کی نند کا شوہر تھا۔ جسے تدفین کے بعد خاتون کے گھر سے ہی گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم نے مقتولہ سے زیادتی کی کوشش کی، مزاحمت پر خاتون اور چھوٹی بچی کو پہلے قتل کیا ، پھر مدرسے سے واپس آنے والے دونوں بچوں کو بھی قتل کردیا، ملزم نے معاملے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش بھی کی۔
سرجانی ٹاﺅن میں ماں اور تین بچوں کا قاتل فرار ہونیکی کوشش میں ہلاک ہوگیا، کراچی پولیس
