خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 10 خوارج ہلاک 6 اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ضلع ہنگو میں کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو سیکورٹی فورسز کے قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔