اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کا گیس بلوں میں بے تحاشا اضافے اور گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف 5 نومبر کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گھریلو صارفین کو بھاری بھرکم گیس بلوں کے اجرا، گیس لوڈشیڈنگ اور اس سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے خلاف 5 نومبر بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے کوئٹہ میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز اور ضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف علاقوں کی تنظیمی رپورٹس پیش کی گئیں اور علاقائی کانفرنسوں کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں 10 نومبر کو پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کا ضلعی کانفرنس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور گھریلو صارفین کو بھیجے جانے والے بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گیس کمپنی کی جانب سے محض 50 یونٹ گیس استعمال کرنے والے صارفین کو بھی 18 ہزار روپے اور اس سے زائد کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جو غریب اور متوسط طبقے کے عوام کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ اجلاس نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور اوگرا کی جانب سے عوام پر مسلط کردہ یہ ظالمانہ اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایک طرف عوام کو بنیادی ضرورت کی گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے اور دوسری جانب بھاری بھرکم بلوں کے ذریعے ان پر معاشی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ اس سنگین صورتحال پر صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی بھی انتہائی قابل تشویش ہے۔ اجلاس نے وفاقی حکومت، اوگرا اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ گھریلو صارفین کو بھیجے گئے تمام غیرمعمولی اور بھاری بھرکم بل فوری طور پر واپس لیے جائیں، گیس کی قیمتوں اور بلوں میں عوام کی استطاعت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف فراہم کیا جائے اور گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔ کوئٹہ کے عوام کے لیے شدید سردی میں گیس کے بغیر زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں، جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ، ظالمانہ گیس بلوں کے خاتمے اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے 5 نومبر کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
