چاغی (آن لائن) چاغی کے علاقے دالبندین میں نامعلوم مسلح افراد نے تالاران چیک پوسٹ پر حملہ کرکے چیک پوسٹ کے کمروں اور عمارت کو آگ لگا دی، جبکہ ایک سرکاری ہتھیار اور کیس پراپرٹی میں شامل سفید رنگ کی ڈبل ڈور گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا، جہاں 18 سے 20 نامعلوم مسلح افراد نے دالبندین سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تالاران چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ مسلح افراد پوستی کی جانب سے آئے اور کارروائی کے بعد اسی سمت فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ کے کمروں اور عمارتوں کے اندر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کے وقت چیک پوسٹ پر پولیس کے دو اہلکار موجود تھے، تاہم دونوں محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سیلولر نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے باعث واقعے کی اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی۔ واقعے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے۔
چاغی میں چیک پوسٹ پر مسلح افراد کا حملہ، عمارت کو آگ لگا دی، اہلکار محفوظ
