کولمبو، کوئٹہ (ویب ڈیسک) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ بین الاقوامی کک باکسنگ مقابلوں میں پاکستان کے دو باصلاحیت کک باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے ٹائٹل جیت لیے۔ مقابلوں میں بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے آغا طلال حیدر نے بھارتی فائٹر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ نصیب اللہ نے سری لنکن فائٹر کو مات دے کر کامیابی حاصل کی۔ دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی پر بلوچستان کک باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ایوب گوہر نے آغا طلال حیدر، نصیب اللہ اور کوچ سمیع اللہ کاکڑ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایوب گوہر نے کہا کہ دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اور بلوچستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں کھیلوں کے شعبے میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم انہیں مناسب سہولیات، تربیت اور سرپرستی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کو بہتر مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرسکتے ہیں۔ ایوب گوہر نے کامیاب کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آغا طلال حیدر اور نصیب اللہ کی کامیابی بلوچستان کے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔
بلوچستان کے دو کک باکسرز نے کولمبو میں بین الاقوامی ٹائٹل اپنے نام کرلیے
