کوئٹہ سے اغوا ہونے والے بچے کی بوری بند لاش برآمد، وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

بلوچستان پولیس

کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ سے دو روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی بوری بند لاش برآمد۔ پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر مغوی بچے کے گھر کے قریب سے ایک مشکوک بوری کی اطلاع ملی، پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تلاشی لینے پر بوری سے 6سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت علی شاہ کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق بچے کو 20 اگست کو اغوا کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد ریسکیو حکام نے لاش کو اسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کوئٹہ میں 6 سالہ بچے علی شاہ کی بوری بند لاش برآمد ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا‘ وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بچے کی ہلاکت کے محرکات اور واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔