پشتون بلوچ دو قومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں برابری لازمی اور ضروری ہے، ہم پشتونستان صوبہ چاہتے ہیں، عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا واضح موقف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی سیاست ملک میں آئین کی بالادستی، جمہورکی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی اور ملک کے ہر ادارے کا متفقہ آئین کے تحت دیے گئے دائرہ کار ودائرہ اختیار میں اپنے فرائض کی انجام دہی کا پابند بنانا اور ملک کے اندر پشتون متصل علاقوں پر ایک خودمختار قومی صوبہ کی تشکیل ہے جس کا نام پشتونستان ہو ااوراپنے ان قومی اہداف کے حصول کے لیے پارٹی کی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد جاری رہغ گی۔ بدقسمتی سے ہمارے ان قومی سیاسی جمہوری اہداف کو شروع دن سے تسلیم نہیں کیا گیا، نتیجہ ملکی بحرانوں کی صورت میں آج ہم سب کے سامنے ہے۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو انہی اہداف کے حصول کی پاداش میں تقریباً 33 سال قید وبند کی سزا دی گئی، اپنے موقف سے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں انہیں 2 دسمبر کو شہید کردیا گیا۔ آج بھی پشتونخوا میپ کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کے لیے آواز بلند کرنے اور جدوجہد پر سزا دی جارہی ہے لیکن پارٹی اپنے محبوب چیئرمین اور جمہوریت کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اپنے قومی اہداف کے حصول کی جدوجہد کو مزید منظم کرتے ہوئے پشتونخوا وطن کے گھر گھر تک پارٹی پروگرام کو پہنچا کر اپنی منزل مقصود کو حاصل کریگی۔ پشتونوں کے اپنے صوبے کے قیام تک اس پشتون بلوچ دو قومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں برابری لازمی اور ضروری ہے۔ پشتونوں کے حقوق اس وقت غصب ہیں اور ان کی زمینوں، جنگلات، وسائل، معدنیات پر قبضہ جاری ہے جس کی روک تھام کے لیے نہ صرف غیور عوام کو متحد ہونا ہوگا بلکہ فارم 47 کے نام نہاد نمائندوں کا احتساب کرنا ہوگا۔