باہمی احترام اور بھائی چارے کی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں، وزیراعلیٰ کی اپوزیشن اراکین سے گفتگو

باہمی احترام اور بھائی چارے کی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں، وزیراعلیٰ کی اپوزیشن اراکین سے گفتگو

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے قائد حزب اختلاف یونس عزیز زہری کی سربراہی میں بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کی ترجیحات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ٹریژری اور اپوزیشن دونوں عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوامی مفاد میں پیش کی جانے والی ہر مثبت تجویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، جہاں اپوزیشن اراکین نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اعلی اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور بھائی چارے کی یہی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں، جبکہ اپوزیشن کے مثبت اور تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق عوامی مفاد میں قابلِ عمل اور منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر اور دیگر اراکین نے وزیراعلیٰ کے مثبت رویے اور پارلیمانی انداز کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی اپوزیشن کے آئینی و پارلیمانی تقدس کا احترام کرتے ہوئے مثبت تنقید کو کشادہ دلی سے قبول کرتے ہیں۔