ڈھاڈر ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق، تمبو میں بچی کینال میں ڈوب گئی، نصیرآباد فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد قتل

ڈیرہ مراد جمالی، بولان ( این این آئی) نصیرآباد فائرنگ کے دو مختلف واقعات خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا گیا شوہر نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کر دیا جبکہ گوٹھ جان محمد جمالی میں رشتے کے تنازع پر ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا پولیس کے مطابق نصیرآباد کے علاقے پولیس تھانہ منگولی کی حدود گوٹھ سید اختر شاہ میں شوہر محبوب علی کٹوہر مگسی نے مبینہ طورپر سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے اپنی 23 سالہ بیوی مسمات مختیارہ بی بی کو قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی۔ منگولی پولیس نے شوہر محبوب مگسی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کی کوشیش تیز کردی جبکہ صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب اوچ پاور ایریا گوٹھ جان محمد جمالی میں رشتے کے تنازع پر مسلح افراد کی فائرنگ سے احمد ولد غلام محمد جاگیرانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردی جہاں ضروری کاررروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی مزید تحقیقات صدر پولیس کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں تمبو میں بچی کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق تمبو پولیس تھانہ منجھو شوریٰ کی حدود مینگل ڈپ کے مقام پر روپا شاخ میں چار سالہ بچی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو کرکے بچی کی لاش پانی سے نکال کر ورثاءکے حوالے کردی گئی۔ دریں اثناءڈھاڈر مشرقی بائی پاس پر موڑ کاٹتے ہوئے مزدا گاڑی اور پک اپ اور موٹر سائیکل میں ٹکر حادثے میں بچے سمیت تین افراد جاں بحق۔ اتوار کی صبح تقریبا 11 بجے کے قریب ڈھاڈر مشرقی بائی پاس پر کوئٹہ سے آنے والے مزدا کا مخالف سمت جانے والی پک اپ(ڈاٹسن) کے ساتھ موڑ کاٹتے ہوئے خوفناک حادثہ پیش آیا حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد بھی زد میں آئے واقعے کے بعد مقامی افراد اور پولیس نے 9 سالہ جاں بحق محمد عثمان ولد ہمت خان قوم ساتکزئی اور دیگر شدید زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈھاڈر طبی علاج کیلئے منتقل کردیا جہاں دوران علاج قادر بخش ولد دین محمد سکنہ کلی پنجپائی کوئٹہ دم توڑ گیا جبکہ مزید علاج کیلئے کوئٹہ لے جانے والے موٹر سائیکل سوار عبدالمجید ولد عبدالحمید سکنہ الہ آباد سبی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، حادثے میں دیگر زخمیوں میں شوکت علی ولد احمد خان مگسی سکنہ سبی اور ہمت خان ولد محمد عثمان قوم ساتکزئی سکنہ تیرہ میل کوئٹہ شامل تھے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کو مزید علاج و معالجے کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔