ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) حکومت بلوچستان نے صوبائی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت متعدد وزرا کے محکموں میں تبدیلی اور نئے مشیروں کی تقرریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر میر صادق عمرانی سے محکمہ آبپاشی، میر عاصم کرد گیلو سے محکمہ ریونیو اور صوبائی وزیر راحیلہ حمید خان درانی سے محکمہ تعلیم کا قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زرین مگسی کو محکمہ تعلیم کا قلمدان دینے، جماعت اسلامی کے امیر مولانا ہدایت الرحمان کو پارلیمانی سیکرٹری برائے ماہی گیری بنانے جبکہ وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند کو مشیر برائے محکمہ اطلاعات مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زرک مندوخیل اور اسفندیار کو بھی مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ علی مدد جتک کو محکمہ زراعت کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد صوبائی کابینہ میں ردوبدل اور مختلف محکموں کی ذمہ داریوں کی نئی تقسیم ہے۔ تاہم ان مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے تاحال باضابطہ سرکاری نوٹیفکیشن سامنے نہیں آیا۔
