جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ اساتذہ کے واجبات فوری ادا کیے جائیں، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن

جامعہ بلوچستان

ماخذ: آن لائن

کوئٹہ (آن لائن) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان نے ریٹائرڈ اساتذہ کے واجبات کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے 2020ءسے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 52 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کیے، جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ بھی فوری ادائیگی کے احکامات دے چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کے حالیہ دورہ جامعہ کے موقع پر لوئر اسٹاف کو ادائیگیوں کے چیک دیے گئے، لیکن ریٹائرڈ اساتذہ کو ایک بار پھر نظر انداز کیا گیا، حالانکہ انہیں چیک وصول کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر ریٹائرڈ اساتذہ کے پنشن، کمیوٹیشن، لیو انکیشمنٹ اور دیگر واجبات ادا کرے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ بصورت دیگر ریٹائرڈ اساتذہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے پر مجبور ہوں گے۔