سہیل آفریدی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا گیا

وفاقی آئینی عدالت

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔ محمود خان اچکزئی اور راجا ناصر عباس کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں تمام زیرحراست منتخب نمائندوں کی فوری رہائی اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوامی مینڈیٹ کو غیر موثر بنانے کے مترادف ہے جبکہ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکلز 4، 14، 17 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ زیر حراست ارکان اسمبلی کے مقام حراست اور انہیں حراست میں رکھنے کی قانونی حیثیت سے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔ درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بھی بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں جبکہ گورنر راج کے نفاذ سے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوجاتے، حکومتی اقدامات وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے کے تابع ہیں۔ آئینی درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی تھی، ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے اور منتخب نمائندوں کو غیر موثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔