کوئٹہ، تفتان شاہراہ آپریشنز، کولپور میں خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک، فوج کے میجر اور حوالدار شہید

کوئٹہ، تفتان شاہراہ آپریشنز

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ، تفتان شاہراہ آپریشنز، کولپور میں خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک،، فوج کے میجر اور حوالدار شہید
کوئٹہ (این این آئی ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کولپور میں خودکش بمبار سمیت فتنہ الہندوستان کے 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 نومبر 2026 سے سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے علاقوں کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں۔ ان کارروائیوں میں علاقے کا کنٹرول مضبوط بنانے اور گشت کے ساتھ کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ (این-40) پر مقامی ٹریفک کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں، تاکہ آپریشنز کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر، ساکن ضلع چکوال، اور حوالدار محمد عدنان خان، ساکن کوٹلی ستیاں، نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکی۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے، جبکہ ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز اس وقت تک جاری رکھے جائیں گے جب تک خطرے کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اور دیگر مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی میں فتنہ الہندوستان ڈرونز اور دیگر تکنیکی ذرائع، بشمول دیسی ساختہ بارودی سرنگوں (آئی ای ڈیز)، کو استعمال کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ علاقے میں امن و معمولات زندگی برقرار رکھنے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچایا جاسکے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت فتنہ الہندوستان کو مسلسل مکمل مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ جدید ترین آلات اور ٹیکنالوجی بھی مہیا کر رہا ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز اس بدلتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی بھی طریقے سے کارروائی کے لیے جگہ فراہم نہیں کی جائے گی۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پ±رعزم ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔