’جان سینا کلاسک‘ ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹارز اور مستقبل کے ریسلرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے

جان سینا کلاسک

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے معروف ریسلر اور 17 مرتبہ ورلڈ چیمپئن رہنے والے جان سینا نے دو نومبر کو منڈے نائٹ را میں شاندار واپسی کے بعد اپنے نام سے منسوب نئے ایونٹ ’جان سینا کلاسک‘ کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ یہ منفرد ٹورنامنٹ موجودہ ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹارز اور مستقبل کے ابھرتے ہوئے ریسلرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں پر مشتمل ہوگا۔ بروکلین نیویارک میں شائقین کی جانب سے پرتپاک استقبال کے بعد جان سینا نے اپنے اس اہم اعلان کو تین حصوں میں تقسیم کیا۔ جان سینا کے اعلان کے مطابق ’جان سینا کلاسک‘ رواں سال 14 دسمبر کو ڈبلیو ڈبلیو ای را کی ایک خصوصی قسط کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔ اس روز را کی دو اقساط نشر ہوں گی جن میں سے ایک قسط سب سے پہلے آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے نشر کی جائے گی جبکہ دوسرا خصوصی ایونٹ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں واقع والٹ ڈزنی ورلڈ میں منعقد ہوگا۔ فی الحال منتظمین کی جانب سے ایونٹ کے مخصوص اور حتمی مقام کی مزید تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن شائقین میں اس نئے ٹورنامنٹ کو لے کر شدید جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔