اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
پشاور، لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں لانگ مارچ گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگیا۔ جنید اکبر اور دیگر رہنما بھی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ہمراہ ہیں۔ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ 8 اکتوبرکو خیر آباد پہنچ کر آگے کا لائحہ عمل دیں گے۔ دوسری جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ختم ہوگئے، کہا تھا لانگ مارچ شروع ہوگا تو کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، لانگ مارچ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کے پی میں بھی جائیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کو مذاکرات کی صورتحال سے آگاہ کردیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، ڈرافٹ فائنل ہونے کے بعد سہیل آفریدی نے کہا ہم نہیں مانتے۔ محسن نقوی نے کہا کہ فائنل معاہدہ لے کر صدر مملکت کے پاس گیا، وزیراعظم کو بھی بتایا، بعد میں فائنل معاہدے میں بھی سہیل آفریدی نے تبدیلیاں کردیں، بیرسٹرگوہر، ناصرعباس، اسد قیصر، سلمان اکرم، عامر ڈوگر نے نیک نیتی سے مذاکرات کیے، فیصلے سہیل آفریدی نے ہی کرنے تھے تو مذاکرات میں آجاتے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اگر پتا ہوتا کے پی حکومت معاہدے کو ویٹو کرے گی تو مذاکرات کرتے ہی نہیں، کے پی میں کہیں نہ کہیں دہشتگردوں کو آشیرباد مل رہی ہے، ہم نے کہا مسئلہ سیاسی نہیں، دہشتگردی سے متعلق ہے، چاہتے ہیں کے پی حکومت دہشتگردی کیخلاف ہمارے ساتھ ہو۔
