ہرنائی سے نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد، بلیدہ میں اونٹ کے حملے میں ایک شخص جاں بحق

ہرنائی لاش برآمد

ماخذ: یو این اے

ہرنائی(یو این اے)ہرنائی کے علاقے پری چشمے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کو سینے میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے، جس کی شناخت کے لیے قریبی علاقوں میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بلیدہ کے علاقے کوشک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اونٹ کے حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو اونٹ نے اپنے پنجوں تلے دبا دیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہل علاقہ نے جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔