پشاور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس جمعے کو وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، کابینہ ارکان اور پارٹی کے پارلیمنٹیرنز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لانگ مارچ سمیت پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27 ستمبر کا لانگ مارچ موخر کرنے اور 5 اکتوبر کی نئی تاریخ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تاہم اس تاریخ کا باضابطہ اعلان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کوئی ایک حتمی تاریخ دینے کے بجائے مختلف تاریخیں دی جاتی رہیں تاکہ حکومت پر دباﺅ برقرار رہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے معاملے پر پارٹی رہنماﺅں میں اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں 27 ستمبر کا لانگ مارچ موخر کرنے، 5 اکتوبر کی نئی تاریخ پر اتفاق
