کوئٹہ/ اسلام آباد (آئی این پی) سیکورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ فورسز نے چاغی کے علاقے امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بلوچستان، پنجگور اور چاغی میں فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک، سیکورٹی ذرائع
