کوئٹہ، نوشکی (آن لائن) خاران کے مغوی ڈپٹی کمشنر کے دو محافظ بازیاب ہوگئے جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ایک محافظ تا حال لاپتہ ہے پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو گزشتہ دنوں مسلح افراد کے ہاتھوں اغواءہونے والے گن مین ڈرائیور بیرک اور یوسف بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ان کا ایک حوالدار تا حال لاپتہ ہے جن کی بازیابی کیلئے حکومت اور سیکورٹی فورسز کارروائی کررہی ہے۔ دریں اثناءمیونسپل کمیٹی نوشکی کے کونسلر جانان بڑیچ بازیابی کے بعد بخیریت کوئٹہ سے نوشکی اپنے گھر پہنچ گئے۔ ان کی بحفاظت واپسی پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور حلقہ احباب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔جانان بڑیچ کے اہلِ خانہ نے ان کی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے، رابطے کرنے اور مختلف سطحوں پر کردار ادا کرنے والے تمام علاقائی و قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، علما، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور دیگر تمام طبقہ ہائے فکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں جن افراد نے جانان بڑیچ کی بحفاظت بازیابی کے لیے خلوص کے ساتھ ہر ممکن کوشش کی اور خاندان کے ساتھ کھڑے رہے، وہ سب کے بے حدمشکور ہیں۔ خاندان نے تمام معاونین کی ہمدردی، تعاون اور خلوص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
خاران سے مغوی ڈپٹی کمشنر کے دو محافظ، نوشکی میونسپل کمیٹی کے کونسلر جانان بڑیچ بحفاظت بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے
