وندر (رپورٹ: محمد رمضان لاسی) وندر شارجہ ہوٹل کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور ڈیزل سے لدی موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ جل کر خاکستر ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار بھی دونوں گاڑیوں کی زد میں آگیا، جس کی لاش تاحال کوچ کے نیچے دبی ہوئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل بھی کوچ کے نیچے موجود ہے۔ لاش اور موٹر سائیکل کو نکالنے کے لیے ریسکیو اور امدادی آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کوچ ڈرائیور سمیت چار افراد محفوظ رہے، تاہم حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش براہ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ اور سیکرٹری عنایت اللہ راٹھور کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے اور حادثے کے مقام پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈی ایس پی وندر محمد جان ساسولی اور موٹر وے پولیس کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں، جبکہ سماجی شخصیت ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ حادثے کے باعث وندر شارجہ ہوٹل کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر، امدادی کارروائی جاری ہے۔
وندر، کوچ اور موٹر سائیکل میں تصادم، 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع
