اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں معمولی کمی کردی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 18 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومتی پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 18 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔ نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 43 پیسے کی معمولی کمی ہی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 پیسے سے کم ہو کر 390 روپے 79 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 47 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 421 روپے 45 پیسے بڑھ کر ہوکر 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا جبکہ نوٹیفکیشن ایک دن 18 ستمبر کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
پیٹرول میں معمولی کمی، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ
