سردار اختر مینگل حواس باختہ ہوچکے، سیاسی زندگی تضادات کا شکار ہے، انوار الحق کاکڑ

انوار الحق کاکڑ

کوئٹہ (یو این اے) سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سردار اختر جان مینگل حواس باختگی کا شکار ہوچکے ہیں، ان کی تمام سیاسی اننگز انوار الحق کاکڑ اور سرفراز بگٹی کے گرد گھوم رہی ہے۔ اختر مینگل کی سیاسی زندگی تضادات کا شکار نظر آتی ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حق میں ووٹ دینے والے آج انقلابی بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سردار اختر جان مینگل کے موجودہ سیاسی طرزِ عمل میں تضادات نمایاں ہیں، اور ان کی جانب سے کیے جانے والے سیاسی بیانات کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کی سیاسی سرگرمیوں اور بیانات میں انوار الحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ذکر نمایاں رہتا ہے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ان کی تمام سیاسی اننگز انہی شخصیات کے گرد گھوم رہی ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ماضی میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے ووٹ دینے والے آج خود کو انقلابی قوتوں کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جو ایک واضح سیاسی تضاد ہے۔ سابق نگران وزیراعظم نے کہا کہ سیاست میں اصول اور موقف کی مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، تاہم بعض سیاسی رہنماﺅں کے ماضی کے فیصلوں اور موجودہ بیانیے میں واضح فرق نظر آتا ہے۔