بولان (رپورٹ: رئیس فرحان جمالی) بلوچستان کے ضلع کچھی میں محکمہ تعمیرات و مواصلات ڈھاڈر بدانتظامی کا گڑھ بن گیا ہے ڈھائی سو سے زائد ملازمین کی ڈیوٹیوں سے طویل غیر حاضری اور گھر بیٹھے کروڑوں روپوں کی تنخواہیں وصول کرنے کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے جس سے صوبائی حکومت کے خزانے کو ماہانہ بنیادوں پر کروڑوں روپے کا بھاری نقصان پہنچ رہا ہے غیر حاضر ملازمین کی وجہ سے صوبائی حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کا چونا لگایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایکسین کچھی ان ملازمین کو ڈیوٹیوں کا پابند بنانے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دیتے ہیں، متعلقہ افسران کی مبینہ بے بسی یا خاموشی نے محکمے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھادیے ہیں، کچھی کے سیاسی سماجی اور عوامی حلقوں نے غائب ملازمین پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف نوجوان بیروزگاری کا شکار ہیں تو دوسری طرف من پسند افراد کو کام کیے بغیر قومی خزانے سے نوازا جا رہا ہے، کچھی کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات میر سلیم خان کھوسہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بلوچستان محمد بابر خان سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر حاضر ملازمین کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کا نوٹس لے کر سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان سے بچایا جائے۔
محکمہ تعمیرات و مواصلات ڈھاڈر کے ملازمین ڈیوٹیوں سے غائب، گھر بیٹھے تنخواہیں بٹورنے کا انکشاف
