خضدار(یو این اے)خضدار پولیس نے اسما جتک کے والد کے قتل کے مقدمے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے انجیرہ کے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دو گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ڈی آئی جی خضدار رینج وزیر خان ناصر اور ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی نے پریس کانفرنس کے دوران کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور قتل کے واقعے کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ 4 اگست 2026 کو اسما جتک نے ایک ویڈیو جاری کرکے مبینہ ملزم ظہور جمالزئی سے اپنے خاندان کو لاحق خطرے سے آگاہ کیا تھا، جس کے چند گھنٹے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر ان کے والد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔واقعے کے بعد بلوچستان بھر میں شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش کے بعد قتل کے محرکات، دیگر ممکنہ ملزمان اور واقعے میں ان کے کردار سے متعلق مزید اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔
اسما جتک والد قتل کیس میں پیشرفت، انجیرہ سے 6 ملزمان گرفتار کرلیے، ڈی آئی جی خضدار
