ایمسٹر ڈیم (مانیٹرنگ ڈیسک) نیدر لینڈ اور بیلجئیم میں منعقدہ FIH ہاکی ورلڈ کپ میں 19 اگست کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایمسٹلوین کے ویگنور اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے مقابلہ ہے۔ گروپ ”ڈی“ سے انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی بنیاد پر ہوگا۔ پاکستان کو انگلینڈ نے 1-4 سے ہرایا جبکہ ویلز کیساتھ میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔ بھارت نے ویلز کو 1-3 سے شکست دی جبکہ انگلینڈ کے ہاتھوں اسے 2-4 سے شکست ہوئی۔ اب پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے سے مد مقابل ہونگی جو ٹیم جیتی اسے اگلے مرحلے کی ٹکٹ مل جائے گی۔ ایمسٹرڈیم میں منگل کو پاکستان ہاکی ٹیم نے ہوٹل میں آرام کیا اور پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا۔ ٹیم مینجمنٹ بھارت کے خلاف میچ کیلئے خاص حکمت عملی کیساتھ میدان میں اترنے کیلئے ٹیم کی حوصلہ افزائی کیساتھ انہیں ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل آرام دہ ماحول فراہم کررہی ہے تاکہ کھلاڑی بھارت کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔
ورلڈ کپ ہاکی 2026، بھارت سے اہم مقابلہ، پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن منسوخ کردیا
