اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور امریکا نے دہشتگرد گروہوں کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق واشنگٹن میں پاک امریکا انسداد دہشتگردی مذاکرات کے چوتھے دور میں دونوں ممالک نے سرحدی سیکورٹی مضبوط بنانے اوردہشتگردوں کے سہولت کار نیٹورکس کے خاتمے پر بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی قیادت امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکرٹری نے کی۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ دونوں ممالک انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون کو مزید موثر بناتے ہوئے خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھائیں گے۔ دونوں ممالک نے ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور القاعدہ سمیت دیگر گروہوں کیخلاف مشترکہ کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
ٹی ٹی پی، بی ایل اے کیخلاف تعاون مزید مضبوط بنائیں گے، پاکستان اور امریکا کا اتفاق
