اے این پی کے وفد کی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات، شہدائے اگست کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی دعوت

کوئٹہ (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل پارٹی کے مرکزی چیئرمین، سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے میر کبیر محمد شاہی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیرِ اہتمام 17 اگست کو شہدائے اگست کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمد شاہی، مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی، صوبائی صدر اسلم بلوچ، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، مرکزی ترجمان علی احمد لانگو، صوبائی جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ چنگیز حئی بلوچ سمیت و دیگر موجود تھے۔ اے این پی کے وفد میں مرکزی سینئر نائب صدر داو¿د خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، مرکزی سیکرٹری رشید خان ناصر، جاوید خان کاکڑ، ثناءاللہ کاکڑ، ڈاکٹر اقبال ترین شامل تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، قومی و سیاسی صورتحال اور جمہوری و قومی جدوجہد کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادل خیال کیا گیا۔