وائٹ ہاﺅس فائرنگ کرنیوالے کی شناخت کرلی گئی، مجھے نہیں لگتا حملے کا تعلق ایران جنگ سے ہے، ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں وائٹ ہاﺅس کے صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ عشائیے میں فائرنگ کا واقعہ، فائرنگ کرنیوالے شخص کی شناخت کرلی گئی، حملہ آور سابق ٹیچر ہے ، سیکورٹی ادارے اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں کہ حملہ آور وہاں کیسے پہنچا اور اس کا مقصد کیا تھا۔ وائٹ ہاﺅس عشائیے میں فائرنگ کے واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس حملے کا تعلق ایران جنگ سے ہے لیکن یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاﺅس کے صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ عشائیے کی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ واقعے کے وقت صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ بھی موقع پر موجود تھے، جنھیں بحفاظت تقریب سے نکال لیا گیا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا ہے جبکہ اس واقعے میں سیکرٹ سروس کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاﺅس کے صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ عشائیے میں فائرنگ کے واقعے پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک پیغام میں کہا کہ ’فائرنگ کے اس واقعے پر گہرا دکھ ہوا ہے اور میری دعائیں اور نیک خواہشات صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیں۔‘