آواران میں قبائلی شخصیت عبدالغفور رند کے گھر پر حملہ، ایک بیٹا جاں بحق، دوسرا زخمی، حملہ آور ہلاک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) آواران، میں رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ کے پھوپی زاد پیراندر سے تعلق رکھنے والے بزرگ ٹھیکیدار عبدالغفور رند کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ، ایک بیٹا جاں بحق، دوسرا شدید زخمی، ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ آواران سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ کے پھوپی زاد اور مقامی ٹھیکیدار عبدالغفور رند کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ان کے جوانسال بیٹے محدود رند موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ دوسرے بیٹے عابد غفور رند شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے عبدالغفور رند کے گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محدود رند جان کی بازی ہار گئے، جبکہ عابد غفور رند شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور بھی موقع پر ہلاک ہو گیا، تاہم اس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور مختلف پہلوﺅں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔