دالبندین میں مسلح افراد کا حملہ، 3 اہلکار اغوا، سرکاری گاڑیاں اور اسلحہ ضبط

دالبندین (یو این اے) دالبندین،تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ ایکسائز کی عارضی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے محکمہ ایکسائز کے تین اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا، جبکہ دو سرکاری گاڑیاں اور سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس کے مطابق واقعے کے وقت محکمہ ایکسائز کے اہلکار عارضی چیک پوسٹ پر معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔ حملہ آور اہلکاروں، سرکاری گاڑیوں اور اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے فرار کے راستوں کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔