فیفا فٹبال ورلڈ کپ، بیلجیئم اور ایران کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) فیفا ورلڈکپ 2026ءمیں بیلجیئم اور ایران کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ڈرا ہوگیا۔ لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان مقابلہ اچھا رہا۔ پہلے ہاف میں ایران کی ٹیم کو سبقت مل جاتی کیوں کہ 28ویں منٹ میں ایک فری کک پر گیند بیلجیئم کے گول میں پہنچ گئی تھی مگر ریفری نے ایران کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے کر یہ گول مسترد کردیا۔ میچ میں بیلجیئم کی ٹیم کا پلہ بھاری رہا لیکن ایران کے دفاعی کھلاڑی اور خاص طور پر گول کیپر علی رضا کا جواب نہ تھا، ویسے تو انہوں نے کئی گول بچائے لیکن دوسرے ہاف میں بیلجیئم کی ایک موو پر انہوں نے ایک حملہ تو ایسا روکا کہ ماہرین نے اسے ”سیو آف دی ٹورنامنٹ قرار دے دیا“۔ دوسری جانب بیلجیئم کے تجربہ کار گول کیپر کورٹوا نے بھی شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ رہی کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کوسبقت نہ دلاسکے۔ دوسرے ہاف میں خطرناک فاﺅل کرنے کے نتیجے میں بیلجیئم کی ٹیم کے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا اور پھر وہ بقیہ میچ 10کھلاڑیوں سے کھیلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ بیلجیئم اور ایران نے اپنے دونوں میچز ڈرا کھیلے ہیں، دونوں کے دو، دو پوائنٹس ہوگئے ہیں۔