کچھی، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

بولان (نامہ نگار) کچھی کے علاقے براہم بران کے مقام پر مسلح ڈاکوﺅں نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو قتل کردیا جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے جو پاک فوج میں بطور سپاہی خدمات سر انجام دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سپاہی غلام فرید ڈیرہ مراد جمالی سے کوئٹہ کی جانب اپنی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ براہم بران کے قریب مسلح ڈاکوﺅں نے اسے روکنے کی کوشش کی ڈاکوﺅں نے نوجوان سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی جس پر غلام فرید نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمت کی، مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں غلام فرید شدید زخمی ہوگیا، واردات کے بعد ملزمان مقتول کی موٹر سائیکل لے کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈھاڈر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ نوجوان کی شناخت غلام فرید ولد ملال سکنہ ڈیرہ مراد جمالی کے نام سے ہوئی ہے جو پاک فوج کا سپاہی تھا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردی۔ ڈھاڈر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔