کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیر قانونی و غیر منظور شدہ رہائشی اسکیموں کیخلاف کریک ڈاﺅن

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیر قانونی و غیر منظور شدہ ہاﺅسنگ اسکیموں کے خلاف سخت کریک ڈاﺅن۔ حکومت بلوچستان کے وژن اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کوئٹہ میں قائم تمام غیر قانونی، غیر منظور شدہ اور بغیر این او سی ہاﺅسنگ اسکیموں کے خلاف موثر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایسی تمام غیر قانونی اسکیموں کی فہرست ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، کیسکو، سوئی سدرن گیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو فراہم کردی گئی ہے، تاکہ انہیں بجلی، گیس، پانی، سیوریج، تعمیراتی اجازت ناموں یا کسی بھی قسم کی سرکاری سہولت فراہم نہ کی جائے۔ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کسی بھی پلاٹ یا جائیداد کی خریداری سے قبل متعلقہ ہاﺅسنگ اسکیم کی منظوری، این او سی اور قانونی حیثیت کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے لازماً تصدیق کریں۔ غیر قانونی اسکیموں میں سرمایہ کاری شہریوں کو مالی نقصان، دھوکہ دہی اور قانونی پیچیدگیوں سے دوچار کرسکتی ہے۔ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی شہر کی منظم و پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے اور غیر قانونی ہاﺅسنگ اسکیموں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا رہے گی۔