کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ اور کابینہ اراکین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور کاروباری طبقے کو درپیش سنگین مسائل، شاہراہوں پر بدامنی، تاجروں کے سامان اور ٹرانسپورٹروں کی گاڑیوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے اور حکومت کی جانب سے مو¿ثر اقدامات نہ کیے جانے کے خلاف آج بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاﺅن اور قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے دی گئی۔ اس ہڑتال کی کال کی بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، مختلف ٹرانسپورٹرز تنظیموں، انجمن ہائے تاجران اور کاروباری حلقوں نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ رحیم کاکڑ نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے بلوچستان کی مرکزی شاہراہوں پر تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے ٹرک نذر آتش کیے جا رہے ہیں، سامان لوٹا جا رہا ہے، ڈرائیوروں کو اغواءاور قتل کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ قومی شاہراہوں پر ایف سی، کسٹمز، پولیس اور دیگر اداروں کی متعدد چیک پوسٹیں قائم ہیں لیکن اس کے باوجود تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے مال اور گاڑیوں کو تحفظ حاصل نہیں۔ تاجروں کو سامان کی نقل و حمل کے دوران مختلف مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب جان و مال کے تحفظ کی بات آتی ہے تو کوئی ادارہ ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے صوبے بھر کے تمام تاجروں، دکانداروں، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کی شٹر ڈاو¿ن ہڑتال میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے کاروبار بند رکھیں جبکہ تمام ٹرانسپورٹرز قومی شاہراہوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتجاجی ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔
بلوچستان بھر میں آج شٹر ڈاﺅن، پہیہ جام ہوگا، دکاندار اپنا کاروبار بند، ٹرانسپورٹرز شاہراہوں پر گاڑی نہ نکالیں، انجمن تاجران
