آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تجربہ کار فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
تینوں کھلاڑی آرام کریں گے تاکہ اگست میں شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کی تیاری کر سکیں۔ پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں مچل مارش ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام اسکاٹ پہلی بار آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
اس کے علاوہ رائیلی میریڈتھ اور بلی اسٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں مواقع دینا مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
