شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو با اختیار بنا کر تاریخ رقم کی، دہشتگردی کے خطرات بھی ان کا راستہ نہ روک سکے، ازبل زہری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادی بانک ازبل خان زہری نے دختر مشرق سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے جاری خصوصی بیان میں نوابزادی بانک ازبل خان زہری نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے قائد عوام، بانی پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے گھر سندھ کی دھرتی پر آنکھ کھولی اور آگے چل کر نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم بن کر تاریخ رقم کی پی پی پی رہنما نے محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ نے ملک میں خواتین کی فلاح و بہبود تعلیم، صحت اور انہیں معاشرے کا ایک فعال حصہ بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے انہوں نے خواتین کی سیاسی شمولیت کو یقینی بنا کر انہیں حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا بانک ازبل خان زہری نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں اور ان کا فلسفہ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی بقا پسماندہ طبقات کے حقوق اور خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ان کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھے گیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ کو اپنی جان کو لاحق شدید خطرات اور دہشت گردی کے عزائم کا بخوبی علم تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنی ذاتی حفاظت پر عوامی مفاد کو ترجیح دی اور جلاوطنی ترک کر کے وطن واپس آئیں محترمہ کی واپسی کا مقصد ملک کو بحرانوں سے نکالنا اور عوام کو ان کے حقوق دلانا تھا۔ ان کی یہ تاریخی جرات اور ملک و قوم کے لیے دی گئی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔